بلوچستان سیف سٹی نظام مزید علاقوں تک پھیلانے کا فیصلہ

بلوچستان سیف سٹی نظام مزید علاقوں تک پھیلانے کا فیصلہ

Aug 25, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی امن و امان برقرار رکھنے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔سیف سٹی اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے جرائم اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کرکے پولیس کے کارروائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔اجلاس میں ادارے کی کارکردگی، نگرانی کے نظام، جرائم کی روک تھام اور استعداد کار بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے شرکا کو مختلف اقدامات اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق سیف سٹی کے نگرانی نظام کی مدد سے ملک بھر سے چوری شدہ 138 گاڑیوں کا سراغ لگایا گیا، جبکہ 9 مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کے نتیجے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی۔حکام نے بتایا کہ مختلف جرائم کے مقامات سے متعلق پولیس کو 631 اہم شواہد فراہم کیے گئے، جن سے تحقیقات اور ملزمان تک پہنچنے میں معاونت حاصل ہوئی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 15 مددگار ہنگامی رسپانس سروس کو محکمہ انسداد دہشت گردی سے منسلک کردیا گیا ہے، جس سے ہنگامی حالات میں رابطہ اور کارروائی مزید مؤثر ہوگی۔وزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نگرانی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سیف سٹی نظام کو صوبے کے مزید علاقوں تک توسیع دی جائے گی اور ادارے کی استعداد بڑھانے کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔