بلوچستان کو خصوصی توجہ اور وسائل ملنے چاہئیں: صدر زرداری
اسلام آباد( اباسین خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے اہداف کے حصول کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے اعتبار سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو خصوصی توجہ اور مناسب وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔صدر مملکت نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی تمام کوششیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا دن دور نہیں، جبکہ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔