وزیراعلیٰ بلوچستان سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں، گڈ گورننس پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ بلوچستان سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں، گڈ گورننس پر تبادلہ خیال

Aug 11, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج اور پارلیمانی سیکرٹری سردارزادہ صمد خان گورگیج نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کا قیام اور عوامی مسائل کا فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام اضلاع میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ پسماندگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام رہنما اور قیادت صوبے کی خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے متحد ہیں۔اس موقع پر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج اور پارلیمانی سیکرٹری سردارزادہ صمد خان گورگیج نے صوبائی حکومت کے عوامی فلاحی اقدامات اور امن و امان کی بحالی کیلئے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور گڈ گورننس کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سے پیر کے روز صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر عاصم کرد گیلو اور نوابزادہ میر طارق مگسی، قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری، اراکین صوبائی اسمبلی میر زابد ریکی، رحمت صالح بلوچ اور ڈاکٹر محمد نواز کبزئی، پارلیمانی سیکرٹری میر عبدالصمد گورگیج اور اصغر ترین، پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، جرمنی کے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ اور سابق ضلع ناظم سبی میر حیر بیار خان ڈومکی شامل تھے۔ان ملاقاتوں میں صوبے کی سیاسی و انتظامی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور دیگر اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔