بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات پر حملے، انتہاپسند عناصر کی کارروائیاں جاری
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ہندوتوا نظریات کے فروغ کے حوالے سے مسلمانوں کے خلاف مبینہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں انتہاپسند گروہوں کی جانب سے مذہبی مقامات اور عبادات کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک ہندو انتہاپسند تنظیم کے کارکنوں نے مسلمانوں کی قبروں کو نقصان پہنچایا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی کو مبینہ طور پر ’’لینڈ جہاد‘‘ کا نام دیا گیا جبکہ بعض افراد نے مزار کی مسماری کے دوران جشن بھی منایا۔اسی طرح دہلی کے علاقے منڈاولی میں بھی ایک ہندو تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روکنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ کارکنوں نے مبینہ طور پر دھمکی دی کہ مسلمان نہ نماز ادا کر سکیں گے اور نہ ہی گلیوں میں آزادانہ آمدورفت کر سکیں گے۔دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف ایسے واقعات ملک کے سیکولر تشخص پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔