مسلح افواج کا یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد، عزم کا اعادہ

مسلح افواج کا یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد، عزم کا اعادہ

Aug 14, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی( ابا سین خبر) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملکی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنماؤں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کی قربانیوں نے آزادی کے خواب کو ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں تبدیل کیا۔ ان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور پاکستان کے اصولوں و نظریات کے تحفظ کی ترغیب دیتا ہے۔مسلح افواج نے شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سابق فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے عزم و بہادری سے ملک کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر خطرے کے مقابلے میں مادرِ وطن کا دفاع اور آئین کی پاسداری جاری رکھی جائے گی، جبکہ عوام کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے نبھائی جائیں گی۔مسلح افواج نے کہا کہ وہ امن، استحکام اور قومی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ پاکستان کی اصل طاقت عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے، اس لیے یومِ آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے عہد کی تجدید کی جائے۔آئی ایس پی آر نے قومی یکجہتی، رواداری اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے پیغام کا اختتام "مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد" کے الفاظ سے کیا۔