ہنگو میں نجی بینک پر مسلح افراد کا حملہ، دو ملازمین مبینہ طور پر اغوا
ہنگو( اباسین خبر)ضلع ہنگو کے علاقے دلن میں تھانہ ٹل کی حدود میں نامعلوم مسلح نقاب پوش افراد نے ایک نجی بینک پر حملہ کر دیا، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال تشویشناک ہو گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور بینک میں داخل ہوئے اور وہاں موجود سامان کو نقصان پہنچایا۔ مسلح افراد نے بینک کے اندر نصب سی سی ٹی وی کیمروں، کمپیوٹرز اور دیگر آلات کو بھی نقصان پہنچایا۔ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے بینک کے خزانے کی جانب فائرنگ کی، جس سے عمارت کے اندرونی حصے کو نقصان پہنچا۔مزید بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد بینک منیجر وسیم آفریدی اور کیشیئر علاؤالدین کو اپنے ساتھ لے گئے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔