کبل خودکش حملہ، امیر مقام کی زخمیوں سے ملاقات

کبل خودکش حملہ، امیر مقام کی زخمیوں سے ملاقات

Aug 5, 2026|ویب ڈیسک

سوات( اباسین خبر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کر کے کبل خودکش حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی۔وفاقی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، کیونکہ یہ صرف ریاست کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا مشترکہ مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور شرپسند عناصر کو ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے قومی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی دہشت گردی سے متاثر رہے ہیں اور کبل کا خودکش حملہ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے۔امیر مقام نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔