افغان مہاجرین وطن واپسی کے بعد مشکلات کا شکار

افغان مہاجرین وطن واپسی کے بعد مشکلات کا شکار

Jul 29, 2026|ویب ڈیسک

کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے مختلف ممالک سے واپس آنے والے لاکھوں افغان مہاجرین کو افغانستان میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں روزگار، صحت کی سہولیات اور بنیادی ضروریات کی کمی نے ان کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ فراہ میں آباد واپس آنے والے افغان مہاجرین بے روزگاری، طبی سہولیات کی قلت اور امدادی سرگرمیوں کی کمی سے پریشان ہیں۔ پڑوسی ممالک سے بے دخل کیے جانے والے لاکھوں افغان شہری وطن واپسی کے بعد سنگین معاشی مسائل سے دوچار ہیں۔رپورٹس کے مطابق واپس آنے والے مہاجرین کو روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں حکام کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث متاثرہ خاندانوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ افغانستان واپس آنے والے مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد امدادی اداروں اور مقامی آبادی پر اضافی دباؤ ڈال رہی ہے۔مہاجرین امور کے ماہر محمد جمال کا کہنا ہے کہ اگر واپس آنے والے افراد کے مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو افغانستان میں ایک بڑے انسانی بحران کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق مہاجرین کو درپیش مشکلات ملک میں جاری معاشی اور سماجی چیلنجز کی عکاسی کرتی ہیں۔