جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، ہلاکتیں 13 ہوگئیں
ٹوکیو( مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 تک پہنچ گئی، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور بحالی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک 9 ہزار 872 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ 36 ہزار 700 سے زائد گھروں کی بجلی بھی منقطع ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.1 شدت کا یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر کیوشو جزیرے کے اندرونی علاقے میں آیا، جس کا وقت پاکستان کے مطابق رات 12 بج کر 27 منٹ بنتا ہے۔زلزلے کے بعد کوماموتو کے علاقے میں ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، جہاں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق عمارت کی دوسری منزل کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں پھنسے متعدد افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا، جبکہ ایک فیکٹری میں چمنی گرنے کے واقعے کے بعد وہاں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔