مصر میں 5.3 شدت کا زلزلہ، قاہرہ سمیت کئی شہر لرز اٹھے

مصر میں 5.3 شدت کا زلزلہ، قاہرہ سمیت کئی شہر لرز اٹھے

Aug 3, 2026|ویب ڈیسک

قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک)مصر کے شمال مشرقی علاقے میں پیر کی صبح 5.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے دارالحکومت قاہرہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجے آیا، جس کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 5.47 کلومیٹر تھی۔مصری حکام نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز شہر سوئز سے تقریباً 38 کلومیٹر دور تھا۔ جھٹکے قاہرہ، سوئز اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔مصری ہلالِ احمر کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ادارے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کمزور یا متاثرہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔مصر کی وزارت صحت نے بھی ہنگامی منصوبہ فعال کرتے ہوئے ملک بھر کے اسپتالوں کو الرٹ کر دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔رپورٹس کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین کو زلزلے کا خودکار الرٹ موصول ہوا، جس میں ابتدائی طور پر شدت 5.9 ظاہر کی گئی تھی، تاہم مزید تجزیے کے بعد زلزلہ پیما اداروں نے شدت 5.3 قرار دی۔ماہرین کے مطابق زلزلوں سے متعلق ابتدائی معلومات میں تبدیلی معمول کی بات ہے کیونکہ مختلف ادارے مسلسل اعداد و شمار کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔