پنجگور میں آپریشن، اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد ہلاک
کو ئٹہ( اباسین خبر)سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقے پنجگور میں کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرکینی اور چھیدگی کے علاقوں میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجگور میں شہریوں اور مقامی تاجروں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنادیے۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔