وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی کان منہدم، 100 افراد ہلاک
بنگوئی( مانیٹرنگ ڈیسک) وسطی افریقی جمہوریہ میں کیمرون کی سرحد کے قریب سونے کی ایک غیر قانونی کان اچانک بیٹھ جانے سے کم از کم 100 افراد ہلاک ہوگئے۔حادثہ بابوا شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر دور زامبوئے کے کان کنی کے مقام پر پیش آیا، جہاں زمین دھنسنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائی شروع کردی۔مقامی حکام کے مطابق ابتدائی طور پر 30 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکام نے دشوار گزار علاقے اور بھاری ملبے کے باعث ہلاکتوں کی حتمی تعداد معلوم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہونے کا بتایا ہے۔مقامی کان کنوں کے مطابق زمین اچانک بیٹھنے سے بڑی تعداد میں افراد اس کے نیچے دب گئے، جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے۔حکومت نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وسطی افریقی جمہوریہ میں غیر قانونی اور غیر محفوظ کان کنی عام ہے، جہاں بڑی تعداد میں افراد جدید حفاظتی سہولیات اور سرکاری نگرانی کے بغیر سونے اور دیگر معدنیات کی تلاش میں کام کرتے ہیں۔