ممبئی ( سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیئرمین شپ کے بعد کرکٹ کمیٹی پر بھی بھارتی کرکٹرز کا قبضہ برقرار ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق، ان دنوں آئی سی سی کے سربراہ سابق بھارتی بورڈ سیکریٹری جے شاہ ہیں، جبکہ دیگر اہم ذمہ داریوں پر بھی بھارتی آفیشلز فائز ہیں۔ ان میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی بھی شامل ہے، جس کی طویل عرصے سے سربراہی بھارتی کرکٹرز کے پاس ہے۔سابق کرکٹر انیل کمبلے نے کرکٹ کمیٹی چیئرمین کے طور پر تین مدتوں میں اپنے عہدے کی تکمیل کی، تاہم 2021 میں انہوں نے کمیٹی کو چھوڑ دیا تھا اور سارو گنگولی کو چیئرمین مقرر کیا گیا۔ گنگولی کی پہلی تین سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ 2027 تک کیلئے چیئرمین برقرار رکھا گیا۔اسی طرح، سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن کی بھی دوبارہ تقرری کی گئی۔ کمیٹی میں افغانستان کے حامد حسن، ویسٹ انڈیز کے ڈیسمنڈ ہینز، جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما، اور انگلینڈ کے جوناتھن ٹروٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔زمبابوے کے شہر ہرارے میں آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ کے دوران ویمنز کرکٹ کمیٹی کی چیئرپرسن کے طور پر کیتھرین کیمبیل کا دوبارہ تقرر کیا گیا، جب کہ ایورل فاہے اور فولیٹسی موسیکی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا۔آئی سی سی اجلاس میں افغان ویمنز کرکٹرز کیلئے خصوصی ٹاسک فورس اور فنڈز کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا، جو طالبان حکومت کے بعد سے آسٹریلیا میں پناہ لینے والی کرکٹرز کی مدد کرے گا۔
آئی سی سی کرکٹ کمیٹی پر بھارتی قبضہ برقرار، جے شاہ کی سربراہی میں اہم فیصلے
6