لاہورز( اباسین خبر)وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا پیغام لے کر آیا ہے۔ ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے وژن کے تحت یہ منصوبہ کامیابی سے جاری ہے اور اس کی تکمیل کے لیے ان کی ٹیم بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت شہری علاقوں میں 1 سے 5 اور دیہات میں 1 سے 10 مرلے تک کے پلاٹ مالکان کو قرضے دیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعلی نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت 1 ہزار 5 سو 62 گھروں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے، جو اس پروگرام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 9 کروڑ 24 لاکھ روپے کے قرضوں کی وصولی اس پروگرام کی شفافیت کو ثابت کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، 21 ہزار 797 گھروں کی تکمیل آخری مراحل میں ہے اور ساڑھے 25 ہزار سے زائد گھرانوں کو 26 ارب 97 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ساڑھے 11 ہزار گھرانوں کو گھر کی تعمیر کے لیے دوسری قسط بھی جاری کر دی گئی ہے، اور 1 ہزار 106 مزید قرضوں کے اجرا کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نے تاریخ ساز کامیابیاں حاصل کر لیں:وزیرِ اعلی مریم نواز
7