کراچی ( اباسین خبر)گورنر ہائوس سے آئی ٹی کورس کرنے والے طلبہ کے لیے جامعہ کراچی کا امتحان پاس کرنا ضروری ہوگا۔ جامعہ کراچی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سرٹیفکیٹ کے لیے کچھ لازمی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ترجمان کے مطابق جامعہ کراچی اور گورنر ہاس کے درمیان سرٹیفکیٹ کے حوالے سے معاہدہ ہوا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے وضاحت دی کہ صرف کورس مکمل کرنا کافی نہیں، بلکہ کچھ اضافی شرائط بھی طے کی گئی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ جامعہ کراچی کو معاہدے پر عمل درآمد سے قبل اکیڈمک کونسل کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں، امیدوار کی کم از کم تعلیم انٹرمیڈیٹ ہونی چاہیے اور جامعہ کراچی امیدوار کا ٹیسٹ لے گی۔ صرف ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدوار ہی سرٹیفکیٹ کے اہل ہوں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ انٹرمیڈیٹ سے کم تعلیم رکھنے والے امیدواروں کو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔اس سے قبل گورنر ہاس کے ترجمان نے کہا تھا کہ گورنر انیشیٹیو کے تحت آئی ٹی کورسز کا سرٹیفکیٹ کراچی یونیورسٹی کی طرف سے دیا جائے گا، اور اس بابت مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔
گورنر ہائوس کے آئی ٹی کورسز کے طلبہ کو جامعہ کراچی کا امتحان پاس کرنا ہوگا، شرائط کا اعلان
7