اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان پیکیج کا جامع اور شاندار منصوبہ قابل تعریف ہے، جس کے تحت ہر خاندان کو پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیلی کام ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور رمضان 2025 کے مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا۔ اس دوران حکام نے وزیراعظم کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رمضان المبارک میں فی خاندان پانچ ہزار روپے کی ادائیگی کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ اس شاندار پروگرام کی تکمیل پر سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے وزیر آئی ٹی، گورنمنٹ سیکرٹریز اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بدترین کرپشن کی کہانیاں تھیں، لیکن اب نئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کی بدعنوانیوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل والٹ کے تحت چاروں صوبوں میں تقریبا 40 لاکھ خاندانوں کے 2 کروڑ سے زائد افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے، جس کا آغاز 20 ارب روپے کی لاگت سے کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے پہلی بار شفاف طریقے سے کام کیا، اور اب ہر خاندان کو پانچ ہزار روپے ملیں گے تاکہ وہ اپنی ضرورت کی چیزیں خرید سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کا پیسہ کرپشن کی نذر ہو جاتا تھا، جو سب سے بڑا ظلم تھا۔وزیراعظم نے اس پروگرام میں شفافیت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے بینکوں اور آئی ٹی کمپنیز سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں شامل ہوں۔ گورنر اسٹیٹ بینک سے بھی کہا کہ وہ ڈیجیٹل والٹ کے طریقہ کار کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔
رمضان پیکیج،ہر خاندان کو پانچ ہزار روپے ملیں گے تاکہ وہ اپنی ضرورت کی چیزیں خرید سکیں:وزیراعظم
2