پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اگر فارم 47 کا سہارا نہ لیا جاتا تو آج باپ بیٹی دوبارہ لندن میں ہوتے۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ شائع ہونے کے بعد مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ہماری کارکردگی پر بے جا تنقید کر کے خود کو تسلی دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ “مینڈیٹ چور حکومتوں کے پاس عوام کو دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہوتا، اس لیے وہ خیبر پختونخوا کی کارکردگی رپورٹ پر تنقید کر رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ شریف خاندان عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اپنی تصاویر اخبارات میں شائع کروا رہا ہے، اور اگر ان کی کوئی حقیقی کارکردگی ہوتی تو انہیں فارم 47 کے ذریعے حکومت نہ بنانی پڑتی۔انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں تیسری بار حکومت میں آئی ہے، جبکہ نواز شریف اور مریم نواز اپنی ناقص کارکردگی کے باعث اپنی نشستیں ہار چکے تھے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر فارم 47 کا سہارا نہ لیا جاتا تو آج باپ بیٹی دوبارہ لندن میں ہوتے۔صوبائی مشیر نے خیبر پختونخوا کے صحت کارڈ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو یہ منصوبہ کھٹک رہا ہے، اور اگر دیگر صوبے بھی اس منصوبے کو اپناتے ہیں تو ہمیں خوشی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین اشتہارات کے بجائے حقیقی عوامی فلاحی منصوبے شروع کریں کیونکہ حقیقی کارکردگی خود بولتی ہے اور اسے اشتہارات کی ضرورت نہیں ہوتی۔
شریف خاندان عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اپنی تصاویر اخبارات میں شائع کروا رہا ہے:بیرسٹر سیف
4