اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں بہترین انداز میں کام کر رہی ہیں، اور ملکی ترقی کے لیے انہیں مزید مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ارفع کریم نے آئی ٹی کے میدان میں عالمی سطح پر ریکارڈ قائم کیا، جبکہ نصرت بھٹو اور کلثوم نواز نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز، جو کہ قومی کی بیٹی ہیں، بطور وزیراعلی پنجاب بہترین انداز میں صوبے کی خدمت کر رہی ہیں۔شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ عورت کی تربیت نسلوں کو بہتر بنا سکتی ہے اور خواتین پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، اور جب وہ وزیراعلی تھے تو جنوبی پنجاب میں خواتین کی تعلیم ایک اہم چیلنج تھا۔ تاہم، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ لیبر بھی ایک بڑا مسئلہ تھا اور ان کے دور وزارت میں پنجاب کے بھٹوں میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں ڈے کیئر سینٹرز بنائے گئے ہیں اور ان میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سابق حکومتوں کا اچھا کام اگلی حکومتوں میں ختم نہیں ہونا چاہیے، بلکہ وہ جاری رہنا چاہیے۔
ملکی ترقی کیلئے خواتین کو مزید مواقع فراہم کرنا ہونگے: وزیراعظم
5