ڈی جی خان( اباسین خبر) پنجاب پولیس نے پنجاب خیبر پختونخوا بارڈر چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، 15 سے 20 خوارجی دہشت گردوں نے سحری کے وقت اچانک سرحدی چوکی لکھانی پر حملہ کیا۔ دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں کی شکل میں چیک پوسٹ کے چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے اور راکٹ لانچرز اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ جوانوں کے الرٹ ہونے کے باعث تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی دور سے نشاندہی کر لی گئی، جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مشین گنز اور مارٹر گنز سے جوابی فائرنگ شروع کر دی۔ بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے اور پسپائی اختیار کر گئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اس موثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف کی بیک اپ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب پولیس اس سے پہلے بھی خوارجی دہشت گردوں کے 19 حملے ناکام بنا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب خیبر پختونخوا بارڈر پر سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا ہے، جس کی وجہ سے دہشت گرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
خیبربارڈر چیک پوسٹ پر رواں ہفتے خارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام
6