لاہور( اباسین خبر)صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جو لوگ مرنے مارنے کی باتیں کر رہے ہیں، ان کے لیے ریاست کے پاس اے سے زیڈ تک تمام پلان موجود ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے مواد پوسٹ کر دینا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس کے حل کے لیے سائبر کرائم کے حوالے سے ایف آئی اے کو دوبارہ منظم کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ خواتین کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ بعض افراد اپنے ہی رشتہ داروں کو حراساں اور بلیک میل کر رہے ہیں، اور ایف آئی اے سے کہا ہے کہ وہ ایسی خواتین کی درخواستیں بھی سنیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آزادی اظہار رائے کا حق ہر کسی کو ہے، لیکن کسی کو جھوٹے الزامات کے ذریعے دوسروں کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلے لانگ مارچ پر خیبرپختونخوا حکومت نے 81 کروڑ روپے خرچ کیے، اور اب وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ 58 کروڑ روپے دئیے جائیں تاکہ بات کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو لاکھوں روپے دیے جا رہے ہیں، جو عوام کے پیسے ہیں نہ کہ کسی کے ذاتی پیسے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماں کو پشاور ہائی کورٹ سے ریلیف مل رہا ہے، اور اب وہ ریاست کے خلاف محاذ آرائی کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ریاست کے پاس ایسے افراد کے لیے بھی تمام ضروری منصوبے اور حکمت عملیاں موجود ہیں۔
مرنے مارنے والوں کیلئے ریاست کے پاس اے سے زیڈ تک سارے پلان ہیں: عظمیٰ بخاری
29