اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔اسلام آباد میں ایک اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے قوم کو مختلف شعبوں میں فائدہ ہوگا اور مزید کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد ایک آپشن پیش کیا جائے گا۔شہباز شریف نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود پیٹرول کی قیمت نہیں کم کی گئی، بلکہ اسے پی ڈی ایل میں شامل کر لیا گیا اور اس کے بدلے بجلی کے نرخ کم کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی مزید قیمتوں میں کمی کے اثرات کو معیشت اور عوام تک پہنچانے کے لیے سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ، وزیراعظم نے میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات کے لیے قائم کی گئی ٹاسک فورس کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
عالمی سطح پر پیٹرول کی مزید قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے سنجیدگی اقدامات کرینگے: شہباز شریف
14