دادی کے کردار نے علی اصغر کو کیوں مجبور کیا کہ وہ مشہور پروگرام چھوڑ دیں

2 گھنٹے قبل
دادی کے کردار نے علی اصغر کو کیوں مجبور کیا کہ وہ مشہور پروگرام چھوڑ دیں

ممبئی( شوبز ڈیسک)بھارتی کامیڈین اور اداکار علی اصغر نے مقبول مزاحیہ پروگرام دی کپل شرما شو کو خیرباد کہنے کی اصل وجہ بیان کر دی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا مشہور کردار ’’دادی‘‘ اگرچہ انہیں غیر معمولی شہرت دلانے کا سبب بنا، لیکن یہی کردار وقت گزرنے کے ساتھ ان کی فنی صلاحیتوں کے لیے رکاوٹ بنتا گیا۔ایک حالیہ گفتگو میں علی اصغر نے بتایا کہ وہ ایک ایسے مرحلے پر پہنچ گئے تھے جہاں انہیں مسلسل خواتین کے کردار ہی دیے جا رہے تھے، جس سے ان کی بطور اداکار وسعت محدود ہو رہی تھی۔ ان کے مطابق مختلف پروگراموں میں یکساں نوعیت کے کردار ادا کرنے سے ان کی ایک مخصوص شناخت بن گئی تھی، جس کے باعث لکھاری اور ہدایت کار بھی انہیں اسی دائرے تک محدود رکھنے لگے تھے۔اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مختلف انداز میں پیش کرنا چاہتے تھے، مگر شوبز دنیا کی روایتی سوچ اس میں رکاوٹ بنی رہی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات فنکار کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنی اصل صلاحیتوں کا مکمل اظہار نہیں کر پا رہا۔علی اصغر نے مزید کہا کہ اگرچہ انہوں نے یہ فیصلہ مشکل حالات میں کیا، تاہم وہ اپنے مشہور کرداروں کو اپنے فنی سفر کا اہم حصہ سمجھتے ہیں اور اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ انہی کرداروں کی بدولت انہیں بڑے مواقع اور نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔