آسٹریلیا( سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ٹم ڈیوڈ انڈین پریمیئر لیگ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مشکل میں پھنس گئے ہیں، جہاں ان پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹم ڈیوڈ کو ضابطہ اخلاق کے لیول ایک کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا پچیس فیصد جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔یہ واقعہ بارہ اپریل کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق ٹم ڈیوڈ پر ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل دو اعشاریہ چار کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا، جو امپائر کی ہدایات پر عمل نہ کرنے سے متعلق ہے۔واقعے کی تفصیلات کے مطابق اٹھارہویں اوور کے دوران گیند تبدیل کیے جانے کے بعد انہوں نے فوری طور پر گیند امپائر کے حوالے کرنے کے بجائے خود چیک کیا، جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔