چاول کی برآمدات بڑھانے کا ہدف، بندرگاہی سہولیات میں بہتری کی یقین دہانی

1 دن قبل
چاول کی برآمدات بڑھانے کا ہدف، بندرگاہی سہولیات میں بہتری کی یقین دہانی

کراچی( کامرس ڈیسک) وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا جہاں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے اور صنعت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔دورے کے دوران چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن فیصل جہانگیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک کی چاول کی صنعت اس وقت چار ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔اس موقع پر وزیرِ بحری امور نے ہدایت کی کہ چاول کی برآمدات کو دس ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ایسوسی ایشن کے مطابق تین کروڑ ایکڑ رقبہ زیرِ کاشت لانے کے منصوبے سے برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔وزیرِ بحری امور کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح محض آمدن بڑھانا نہیں بلکہ بحری تجارت کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال تاجر برادری کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عید کے دوران بھی بندرگاہی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں اور پہلی بار سولہ جہازوں کو بیک وقت سنبھالا گیا۔مزید برآں کراچی پورٹ پر ایندھن فراہمی کی سروس کے آغاز سے تین سو ارب روپے مالیت کی تجارت متوقع ہے، جبکہ ڈریجنگ کے عمل سے جہازوں کی آمد و رفت کا دورانیہ کم ہو کر دو دن رہ جانے کا امکان ہے۔