مارچ میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ

8 گھنٹے قبل
مارچ میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کے آثار سامنے آنے لگے ہیں جہاں مارچ کے دوران تقریباً تین ہزار نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق مارچ میں دو ہزار نو سو ترانوے نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں گیارہ فیصد زیادہ ہے۔ اس اضافے کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر دو لاکھ نوے ہزار اکتالیس ہو گئی ہے۔نئی کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ دو ارب اسی کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے لحاظ سے ستاون فیصد نجی محدود کمپنیاں جبکہ انتالیس فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔صوبائی سطح پر پنجاب میں سب سے زیادہ ایک ہزار چار سو اٹھاسی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ اسلام آباد میں پانچ سو باون، سندھ میں چار سو سینتالیس اور گلگت بلتستان میں دو سو تینتیس کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔اسی طرح خیبر پختونخوا میں دو سو چوبیس اور بلوچستان میں انچاس کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ شعبہ جاتی اعتبار سے معلوماتی ٹیکنالوجی اور آن لائن تجارت سر فہرست رہے جہاں چھ سو چھ نئی کمپنیاں قائم ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق اٹھاون کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی کی گئی، جن میں چین، برطانیہ، جرمنی اور امریکا کے سرمایہ کار شامل ہیں، جو ملک میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔