سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس میں دو ہزار پوائنٹس سے زائد اضافہ

3 گھنٹے قبل
سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس میں دو ہزار پوائنٹس سے زائد اضافہ

کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی میں کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں دو ہزار سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ سڑسٹھ ہزار آٹھ سو چوالیس پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا۔ اس سے قبل گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر انڈیکس دو سو ترانوے پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ پینسٹھ ہزار پانچ سو سترہ پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں بہتری کے اثرات پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹس پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔دوسری جانب ایشیا کی دیگر مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ جاپان کے نکی انڈیکس میں دو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں ایک فیصد تیزی دیکھی گئی۔ اسی طرح چین اور ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹس میں بھی ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو خطے میں معاشی بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔