سندھ میں نئی بسیں اور روٹس کا اعلان، خواتین کو خصوصی سہولتیں ملے گی

1 دن قبل
سندھ میں نئی بسیں اور روٹس کا اعلان، خواتین کو خصوصی سہولتیں ملے گی

کراچی ( اباسین خبر) سندھ حکومت نے صوبے بھر میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے نئی بسوں کی خریداری اور مختلف شہروں میں نئے روٹس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، نئے روٹس کے اجرا اور خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھر سے شکارپور کے درمیان بس سروس جلد شروع کی جائے گی، جبکہ سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات بھی جلد منعقد ہوں گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، اسی مقصد کے تحت مختلف شہروں میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے برقی، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں حیدر چوک سے کوہسار اور حیدرآباد سے ٹنڈو الہیار کے درمیان بس سروس شروع کی جائے گی، جبکہ آئندہ مرحلے میں خیرپور سے روہڑی اور رانی پور تک بھی سروس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔شرجیل میمن کے مطابق ای وی ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے بنیادی ڈھانچے پر کام جاری ہے اور جلد ہی یہ سہولت عوام کو میسر ہوگی، جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔