ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا مشہور مکالمہ ایک بار پھر خبروں میں آ گیا، تاہم اس مرتبہ اس کا استعمال عالمی سیاست میں دیکھنے کو ملا۔ممبئی میں قائم ایرانی قونصل خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں سمندر میں تیز رفتار کشتیوں اور میزائل سرگرمیوں کو دکھایا گیا، ساتھ ہی خلیج فارس میں اپنی بحری تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے سخت پیغام بھی دیا گیا۔بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایران کی بحری صلاحیت کو کم تر سمجھنا غلطی ثابت ہو سکتی ہے، اور حالات کسی بھی وقت بدل سکتے ہیں۔دلچسپ امر یہ رہا کہ اس پیغام میں ایک معروف فلمی جملہ بھی شامل کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ابھی تو صرف آغاز ہے، اصل منظر ابھی باقی ہے، جسے عموماً ڈرامائی انداز میں واپسی ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔اس منفرد انداز نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے اور صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔