سعودی عرب کا بڑا مالی پیکج، پاکستان کیلئے اربوں ڈالر کی خوشخبری

2 دن قبل
سعودی عرب کا بڑا مالی پیکج، پاکستان کیلئے اربوں ڈالر کی خوشخبری

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت اور 5 ارب ڈالر کے موجودہ ڈپازٹ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق سعودی عرب نے مزید 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی منظوری دے دی ہے، جن کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے، جبکہ پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو طویل مدت کے لیے بڑھا دیا گیا ہے اور اب اسے سالانہ بنیاد پر تجدید کی شرط سے آزاد کر دیا گیا ہے۔انہوں نے یہ اعلان واشنگٹن میں عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں پاکستان کی بیرونی مالی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ مالی معاونت ایسے وقت میں فراہم کی گئی ہے جب پاکستان کو بیرونی فنانسنگ کی ضرورت ہے، جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرنے اور بیرونی کھاتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت زرمبادلہ ذخائر کو تقریباً 18 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے، جو تقریباً ساڑھے تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے واپس کیا، اور حکومت تمام بیرونی واجبات بروقت ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے اسٹیٹ بینک کے گورنر اور امریکا میں پاکستان کے سفیر کے ہمراہ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدان سے تفصیلی ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے سعودی قیادت، بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے، جبکہ حکومت عالمی منڈیوں میں نئے مالی ذرائع جیسے درمیانی مدت کے عالمی نوٹ پروگرام اور پانڈا بانڈ کے اجرا پر بھی کام کر رہی ہے۔آخر میں انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشی استحکام، اصلاحات اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعلقات کو برقرار رکھا جائے گا۔