کراچی( شو بز ڈیسک)نامور پاکستانی گلوکار سجاد علی گزشتہ چند برسوں سے ملک سے باہر مقیم ہیں، تاہم ان کی بیرون ملک رہائش کی وجہ سامنے آنے پر مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سجاد علی، جو نوے کی دہائی میں موسیقی کی دنیا میں نمایاں ہوئے اور اپنی منفرد آواز کے باعث عالمی سطح پر پہچانے جاتے ہیں، ان دنوں امریکی شہر لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ ایک ناخوشگوار واقعے کے بعد کیا۔رپورٹس کے مطابق گلوکار کے ایک قریبی دوست نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سجاد علی کراچی میں ڈکیتی کا نشانہ بنے تھے، جس کے بعد انہوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔مزید بتایا گیا کہ قیام کے دوران جب وہ دبئی میں موجود تھے تو انہیں بھارتی شہریت کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش مسترد کر دی۔ دوست کے مطابق سجاد علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا وطن چھوڑا ضرور ہے مگر اسے بیچا نہیں۔یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے گلوکار کے حب الوطنی کے جذبے کو سراہا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی اپنے وطن سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور دل سے خود کو پاکستانی ہی سمجھتے ہیں۔