ترسیلات زر میں بڑا اضافہ، مارچ میں ریکارڈ 3.8 ارب ڈالر موصول

2 گھنٹے قبل
ترسیلات زر میں بڑا اضافہ، مارچ میں ریکارڈ 3.8 ارب ڈالر موصول

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان میں کامیاب سفارتکاری اور معاشی اصلاحات کے باعث ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے معیشت کے لیے مثبت پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق مارچ دو ہزار چھبیس میں ترسیلات زر تین اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو فروری کے مقابلے میں سترہ فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال دو ہزار چھبیس کے ابتدائی نو ماہ میں مجموعی ترسیلات زر تیس اعشاریہ تین ارب ڈالر رہیں، جو سالانہ بنیاد پر آٹھ فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ان کے مطابق مالی سال دو ہزار پچیس میں اڑتیس ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر اکتالیس ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی مسلسل ملکی معیشت کی مضبوطی اور مالی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات کے باوجود ترسیلات زر میں استحکام برقرار ہے اور آئندہ مہینوں میں مزید بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے اس رجحان کو حکومت پر اعتماد اور معیشت میں بہتری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد معاشی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔