لاہور( اباسین خبر)پنجاب حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے بڑھتے اخراجات کے پیش نظر اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اپنے ڈپازٹس صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ تنخواہوں، پنشن اور ہنگامی اخراجات کے علاوہ باقی تمام فنڈز فوری طور پر پنجاب حکومت کو منتقل کریں۔حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں ریلیف فراہم کرنا اور عوامی فلاحی منصوبوں کے اخراجات کو مؤثر انداز میں پورا کرنا ہے، جبکہ ریونیو اہداف کی عدم تکمیل بھی اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ بتائی گئی ہے۔پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں سے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی کا باقاعدہ شیڈول بھی طلب کر لیا ہے۔یہ فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان اختر کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں مالی نظم و ضبط کو سخت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ غیر ضروری اخراجات ختم کر کے وسائل کی مؤثر بچت کو یقینی بنایا جائے۔
پنجاب حکومت کا بڑا مالی فیصلہ، اداروں کے ڈپازٹس صوبائی خزانے میں منتقل کرنے کی ہدایت
3 گھنٹے قبل