تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی جزوی بحالی دیکھنے میں آئی ہے جہاں دو جہاز گزرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔بحری نگرانی کے ادارے کے مطابق جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دونوں جہاز یونان اور لائبیریا سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر اس اہم گزرگاہ میں نقل و حرکت اب بھی محدود ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جہازوں کی آمدورفت معمول پر نہیں آ سکی اور شپنگ کے اعداد و شمار بھی کم سرگرمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق جنگ بندی ابتدائی قدم ہے اور اس کا یہ مطلب نہیں کہ تجارتی جہاز رانی فوری طور پر بحال ہو جائے گی، جہازوں کے مالکان ابھی حفاظتی انتظامات، رجسٹری حیثیت اور انشورنس سے متعلق رہنمائی کے منتظر ہیں۔اطلاعات کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب متعدد جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث صورتحال مزید حساس ہو گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت سینکڑوں جہاز اس راستے سے گزرنے کے منتظر ہیں اور آمدورفت کی مکمل بحالی سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز میں جزوی بحالی، جہازوں کی محدود آمدورفت
1 دن قبل