لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی مہم جو کھلاڑی ثمر خان نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ انہوں نے سخت ترین موسمی حالات میں تین سو کلومیٹر طویل برفانی مہم کامیابی سے مکمل کی، جو سوئیڈن سے شروع ہو کر ناروے میں اختتام پذیر ہوئی۔یہ دشوار گزار سفر برفانی گاڑی کے ذریعے طے کیا گیا، جس کے دوران شدید سردی اور تیز برفانی ہواؤں کا سامنا رہا، تاہم ثمر خان نے حوصلہ اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہم مکمل کی۔اس کامیابی کے ساتھ وہ برفانی خطے کی یہ مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں، جس پر ملک بھر میں انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔اپنے بیان میں ثمر خان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ان لوگوں کے لیے جواب ہے جو ان کی صلاحیتوں پر شک کرتے تھے، مضبوط ارادے کے ساتھ کوئی بھی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اپنی کامیابی کو پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ سخت موسمی حالات کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور آخرکار منزل حاصل کی۔صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بھی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ثمر خان نے خواتین کے لیے فخر کی نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں اور حکومت خواتین کھلاڑیوں کو بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ثمر خان نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک بہترین مثال ہیں اور پاکستانی خواتین عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔
برفانی چیلنج سر کر کے پاکستانی ایتھلیٹ ثمر خان نے نئی تاریخ رقم کر دی
4 گھنٹے قبل