اسلام آباد( اباسین خبر) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک بااعتماد ثالث کے طور پر خطے اور دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جنگ بندی کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اللہ نے پاکستان کو عزت سے نوازا ہے، ان کے بقول پاکستان نے ایک بڑی جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک اور عالمی طاقتوں سمیت پوری دنیا کی توجہ پاکستان پر مرکوز ہے اور سول و عسکری قیادت کے مشترکہ نظام نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جب ریاستی ادارے مل کر کام کریں تو پاکستان عالمی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ حالیہ کامیابیوں کے بعد اب قوم کو اندرونی چیلنجز پر توجہ دینا ہوگی، جن میں معیشت کی بہتری اور دہشت گردی کے خاتمے جیسے مسائل شامل ہیں۔انہوں نے افغانستان کے حوالے سے بھی کہا کہ اسے پاکستان کی میزبانی کا خیال رکھنا چاہیے، بصورت دیگر پاکستان کو اپنے مفادات کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے۔