پاکستان جنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے: عاصم افتخار

4 دن قبل
پاکستان جنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے: عاصم افتخار

اسلام آباد( اباسین خبر)اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں اہم مذاکرات کی کامیاب میزبانی کی، جو فریقین کے ساتھ رابطوں اور فعال سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے۔پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ملک خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔عاصم افتخار نے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر اشیاء اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم بحری راستہ ہے، جہاں جہازوں اور عملے کی سلامتی اور معمول کی بحری آمد و رفت کی بحالی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آبنائے کی موجودہ صورتحال کے منفی اثرات دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، جس سے توانائی کی فراہمی کے علاوہ کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے نے بھی ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے اور توانائی بحران کے باعث مختلف ممالک میں عوامی قرضوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔