شدید بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ، مختلف علاقوں میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

1 دن قبل
شدید بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ، مختلف علاقوں میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

اسلام آباد ( اباسین خبر) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ادارے کے مطابق سترہ اور اٹھارہ اپریل کے دوران شمالی علاقہ جات، پنجاب، مغربی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔شمالی علاقوں میں سوست، گلگت، اسکردو، چترال، کالام، دیر، بٹگرام، بالاکوٹ، مظفرآباد، راولاکوٹ اور کوٹلی سمیت مختلف مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، شانگلہ، بونیر، مردان، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ شہری علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کے خدشات موجود ہیں۔ادارے کے مطابق تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں، فصلوں، گاڑیوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔