مشرق وسطیٰ بحران کے باوجود معیشت سنبھال لی، وزیر خزانہ کا دعویٰ

2 دن قبل
مشرق وسطیٰ بحران کے باوجود معیشت سنبھال لی، وزیر خزانہ کا دعویٰ

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے بحران کے باوجود معاشی صورتحال کو بہتر انداز میں سنبھالا اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں استحکام برقرار رکھا۔ہارورڈ یونی ورسٹی میں پاکستان کی معیشت پر منعقدہ اعلیٰ سطحی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشرق وسطیٰ تنازعے کو عالمی معیشت کے لیے بڑا سپلائی جھٹکا قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے توانائی کی فراہمی میں تسلسل یقینی بنایا، ابتدائی سبسڈی کے بعد قیمتوں کی مکمل منتقلی کی گئی جبکہ ہدفی سبسڈی کا نظام بدستور جاری ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق یورو بانڈ کی ادائیگی ایک معمول کی کارروائی رہی اور بیرونی ادائیگیوں کے حوالے سے اعتماد برقرار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی بندرگاہ پر ٹرانزٹ ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مارچ کے دوران ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ترسیلات زر مستقل حل نہیں اور معیشت کے استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ان کے بقول اصل چیلنج اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد ہے جس کے لیے ٹیکس نظام میں بہتری اور ٹیکس آمدن کو قومی پیداوار کے تناسب سے بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ڈیجیٹل نظام اور خودکار طریقہ کار متعارف کروایا جا رہا ہے جبکہ صنعت کے لیے مستقل سبسڈی ختم کر کے مسابقتی ماڈل اپنانا ضروری ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ محصولات میں اصلاحات اور عالمی منڈی سے بہتر روابط پر کام جاری ہے جبکہ ملک میں شمسی توانائی کی پیداوار آٹھ ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔