کراچی ( شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی ایک مارننگ شو کے دوران مبینہ غیر مناسب حرکات کے باعث قانونی مشکل میں گھِر گئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایک وکیل محمد نواز ڈاہری نے نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان اور مہمان کے رویے کے خلاف چیئرمین پیمرا کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پروگرام کے دوران فضا علی کی جانب سے اپنے شوہر کے ساتھ براہ راست نشریات میں نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے اور نجی ٹی وی چینل پر اس نوعیت کا مواد نشر کرنا قانون کے منافی ہے۔انہوں نے پیمرا سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ چینل اور پروگرام ٹیم کے خلاف کارروائی کی جائے اور مارننگ شو کو فوری طور پر بند کر کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔