چراغ پاسوان سے رومانوی تعلق کی افواہیں بے بنیاد، کنگنا رناوت کا دو ٹوک اعلان

1 گھنٹے قبل
چراغ پاسوان سے رومانوی تعلق کی افواہیں بے بنیاد، کنگنا رناوت کا دو ٹوک اعلان

ممبئی( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی متنازع بیانات کے حوالے سے معروف اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے ساتھی اداکار اور سیاستدان چراغ پاسوان کے ساتھ رومانوی تعلق کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔سماجی ذرائع ابلاغ پر متحرک رہنے والی کنگنا رناوت نے ایک حالیہ گفتگو میں واضح کیا کہ ان کے اور چراغ پاسوان کے درمیان محض دوستانہ تعلق ہے اور اس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ایک دوسرے کو کئی برسوں سے جانتے ہیں اور اگر ان کے درمیان کسی قسم کا رومانوی تعلق ہونا ہوتا تو اب تک ہو چکا ہوتا۔ ان کے بقول وہ چراغ پاسوان کو صرف ایک دوست کے طور پر دیکھتی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ برس دونوں اس وقت خبروں کی زینت بنے جب دہلی میں پارلیمنٹ جاتے ہوئے خوشگوار انداز میں ایک ساتھ نظر آئے، جس کے بعد ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔کنگنا رناوت اور چراغ پاسوان نے دو ہزار گیارہ کی فلم ملے نہ ملے ہم میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جو چراغ پاسوان کی بطور اداکار پہلی فلم تھی جبکہ کنگنا نے اس میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔پیشہ ورانہ مصروفیات کے حوالے سے کنگنا رناوت گزشتہ برس فلم ایمرجنسی میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ وہ ان دنوں اپنی نئی فلم بھارت بھگیہ ودھاتا کی تیاری میں مصروف ہیں اور جلد ہی ایک اور فلم میں بھی دکھائی دیں گی۔