آئی ٹی برآمدات میں زبردست اضافہ، مارچ میں دوسری بلند ترین سطح حاصل کر لی

4 دن قبل
آئی ٹی برآمدات میں زبردست اضافہ، مارچ میں دوسری بلند ترین سطح حاصل کر لی

کراچی( کامرس ڈیسک)پاکستان کی معلوماتی ٹیکنالوجی برآمدات مارچ کے مہینے میں ماہانہ بنیاد پر دوسری بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جس سے شعبے کی تیز رفتار ترقی کا رجحان واضح ہو گیا ہے۔اسلام آباد سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ دو ہزار چھبیس میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر بیس فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر تیرہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں مجموعی طور پر بیس فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جولائی دو ہزار پچیس سے مارچ دو ہزار چھبیس تک برآمدات کا حجم تین ارب چالیس کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا۔مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ آئی ٹی برآمدات اکتالیس کروڑ تیس لاکھ ڈالرز رہیں، جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک ان کے ساڑھے چار ارب ڈالرز تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم تین ارب اسی کروڑ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا تھا۔