اسلام آباد ( اباسین خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جاری کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرتے ہوئے تیس مئی تک دوسرے مرحلے کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی، جبکہ وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ شہر میں مرکزی کمان اور کنٹرول نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پولیسنگ، ٹریفک اور شہری سہولیات کو ایک مربوط نظام کے تحت لایا جائے گا تاکہ جرائم کی روک تھام اور ٹریفک نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔اجلاس میں سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پچھتر فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید کیمرے اور نگرانی کا نظام نصب کیا جا رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ فائبر آپٹک نظام کی تنصیب بھی مکمل کی جا چکی ہے اور آئندہ دنوں میں باقی کام مکمل کر کے آزمائشی مرحلہ شروع کیا جائے گا۔اجلاس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔