تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے فوجی ترجمان نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی بندرگاہوں کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو خطے کی کوئی بھی بندرگاہ محفوظ نہیں رہے گی، جس سے کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ایرانی افواج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ خلیجی بندرگاہیں یا تو سب کے لیے محفوظ ہوں گی یا پھر کسی کے لیے نہیں رہیں گی، اس لیے کسی بھی یکطرفہ اقدام کے نتائج پورے خطے کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر امریکی پابندیاں غیرقانونی ہیں اور یہ عمل بحری قزاقی کے مترادف ہے۔ترجمان کے مطابق امریکی دھمکیوں کے بعد ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کے لیے مستقل نظام نافذ کرنے جا رہا ہے جس کے تحت سمندری نقل و حرکت کو منظم کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور اگر اس کی بندرگاہوں یا بحری راستوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے۔ماہرین کے مطابق اس بیان سے خلیجی خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ آبنائے ہرمز اور خلیج عمان عالمی توانائی کی فراہمی کے لیے نہایت اہم سمندری راستے ہیں۔
بندرگاہوں کو خطرہ ہوا تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا:ایرانی فوج کی دھمکی
3 دن قبل