تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں ملک کو تقریباً دو سو ستر ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے، جسے حکومت نے ایک بڑا معاشی دھچکا قرار دیا ہے۔ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ تخمینہ براہ راست اور بالواسطہ نقصانات کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، معیشت اور دیگر شعبوں کو پہنچنے والے اثرات شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنگی نقصانات کا ازالہ ایران کے لیے اہم معاملہ ہے اور یہ نکتہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں بھی اٹھایا گیا، جہاں ہرجانے کا مطالبہ پیش کی گئی شرائط کا حصہ ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو لکھے گئے خط میں خلیجی ممالک سے بھی جنگی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ مؤقف خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور جاری سفارتی کوششوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔