فنکاروں سے تفتیش جیسے سوالات ناقابل قبول، شان شاہد کی تنقید

6 گھنٹے قبل
فنکاروں سے تفتیش جیسے سوالات ناقابل قبول، شان شاہد کی تنقید

کراچی( شو بز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار شان شاہد نے حالیہ تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوڈکاسٹ میں کیے جانے والے سوالات اکثر تفتیش کا انداز اختیار کر لیتے ہیں، جیسے فنکار کسی گفتگو میں نہیں بلکہ عدالت یا قومی احتساب ادارے کے سامنے بیٹھے ہوں۔شان شاہد نے صحافی ارشاد بھٹی اور اداکارہ میرا کے درمیان جاری تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے نجی ٹی وی کے صبح کے پروگرام میں گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی صحافت اور تفریحی صحافت دو الگ میدان ہیں، تاہم ملک میں سیاسی صحافت اپنی حدود سے نکل کر تفریحی شعبے میں مداخلت کر رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق اداکارہ میرا حالیہ دنوں میں ایک نجی انٹرنیٹ چینل کے پروگرام میں شرکت کے بعد خبروں میں ہیں، جہاں ان سے کیے گئے متنازع اور توہین آمیز سوالات سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیر گردش ہیں۔ان پروگراموں کے دوران میرا نے تنازعات پر ردعمل دینے سے گریز کیا اور اپنی نئی فلم سائیکو کی تشہیر تک محدود رہیں، جس پر انہیں مداحوں، ذرائع ابلاغ اور فنکار برادری کی جانب سے حمایت بھی حاصل ہوئی۔شان شاہد نے کہا کہ تفریحی صحافت کا مقصد فنکار کے فن کو اجاگر کرنا ہونا چاہیے نہ کہ تحقیقاتی انداز میں اس سے بازپرس کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کامل نہیں ہوتا اور ہر شخص سے غلطیاں سرزد ہو سکتی ہیں، اس لیے فنکاروں سے غیر ضروری طور پر مثالی کردار کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات لوگ اچھے پروگرام کرتے ہیں اور عزت پاتے ہیں، مگر نامناسب رویے کے باعث اپنی ساکھ کھو دیتے ہیں۔شان شاہد نے فنکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی پروگرام میں شرکت سے قبل میزبانوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ غیر ضروری صورتحال سے بچا جا سکے۔