لاہور( سپورٹس ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں ہونے والی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے پانچویں سیزن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، ایونٹ 22 نومبر سے 20 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔اس بار لیگ کو معمول سے پہلے منعقد کیا جا رہا ہے، گزشتہ سیزن دسمبر اور جنوری میں کھیلا گیا تھا تاہم دیگر بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگز سے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ایونٹ میں مجموعی طور پر چونتیس میچز کھیلے جائیں گے جن میں تیس لیگ مرحلے جبکہ چار پلے آف مقابلے شامل ہوں گے۔تمام میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے جبکہ فائنل ہمیشہ کی طرح دبئی میں کھیلا جائے گا۔لیگ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ نے گزشتہ سیزن کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نشریاتی اعداد و شمار، شائقین کی دلچسپی اور بڑے کھلاڑیوں کی شرکت نے لیگ کو مزید مستحکم بنایا ہے۔اس سیزن میں بھی چھ ٹیمیں ڈیزرٹ وائپرز، گلف جائنٹس، ایمرٹس ایم آئی، دبئی کیپیٹلز، شارجہ واریئرز اور ابوظہبی نائٹ رائیڈرز ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔