ایران جنگ کے اثرات، بھارتی کسان شدید بحران کا شکار

3 گھنٹے قبل
ایران جنگ کے اثرات، بھارتی کسان شدید بحران کا شکار

لندن ( کامرس ڈیسک) برطانوی جریدے دی گارڈین کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور بھارت کی پالیسیوں کے باعث بھارتی کسان سنگین مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایران میں جاری کشیدگی کے اثرات بھارت تک پہنچ گئے ہیں، جہاں کسانوں کو تیل اور کھاد کی قلت کا سامنا ہے جس نے زرعی شعبے کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک کسان نے بتایا کہ ایران کی جنگ ان کے لیے بڑے بحران کی صورت اختیار کر چکی ہے اور اس مرتبہ چاول کی پیداوار بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق بھارت ہر سال بڑی مقدار میں کھاد استعمال کرتا ہے جس کے خام مال کی درآمد کے لیے اسے اہم سمندری راستے پر انحصار کرنا پڑتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال نے اس سپلائی کو متاثر کر دیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس، پیٹرول اور کھاد کی قلت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ خود انحصاری کے دعوے عملی طور پر کامیاب ثابت نہیں ہو سکے۔دوسری جانب کسان پہلے ہی حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جبکہ اب کھاد کے بحران نے ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس سے زرعی شعبہ دباؤ کا شکار ہے۔