آئی ایم ایف کی سبسڈی کم کرنے کی شرط، بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

15 گھنٹے قبل
آئی ایم ایف کی سبسڈی کم کرنے کی شرط، بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارہ نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں توانائی کے شعبے کو آٹھ سو تیس ارب روپے سے زائد سبسڈی نہ دی جائے۔سرکاری دستاویز کے مطابق ادارے نے مالی سال دو ہزار اکتیس تک پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کے مکمل خاتمے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے، جبکہ سبسڈی میں سالانہ بنیادوں پر بتدریج کمی کی ہدایت دی گئی ہے۔مالی سال دو ہزار چھبیس ستائیس کے لیے بجلی کے شعبے میں گردشی قرض کے بہاؤ کو صفر تک لانے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس پر حکومت نے اصلاحاتی اقدامات تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اصلاحاتی پیکیج کے تحت بجلی اور گیس کے نرخوں میں مسلسل اضافہ، سبسڈی میں کمی، پاور سیکٹر میں نجکاری اور گردشی قرض کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری یا نجی انتظام میں منتقلی دو ہزار ستائیس کے اوائل تک متوقع ہے، جبکہ توانائی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔