انقرہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ترکیہ کو نیا دشمن قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ترک خبر رساں ادارے کے ہیڈکوارٹر میں ایڈیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی بقا کے لیے کسی نہ کسی دشمن کا تعین کرتا ہے اور ایران کے بعد اب ترکیہ کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کو کھولنے کے لیے کسی بھی ملک کی مداخلت مناسب نہیں، اور نہ ہی وہاں سے گزرنے پر کسی قسم کی فیس عائد کی جانی چاہیے۔ہاکان فیدان نے خطے میں اعتماد کے فروغ کے لیے سیکیورٹی اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ باہمی تعاون ہی مسائل کا حل ہے۔خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لبنان میں جاری حالات اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کا حصہ ہیں اور یہ بحران مزید بڑھ کر وسیع علاقائی تنازع میں تبدیل ہو سکتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ کشیدگی سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے۔
اسرائیل ترکیہ کو نیا دشمن بنانے کی کوشش کر رہا ہے، ہاکان فیدان
1 دن قبل