گوادر ( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا واضح اظہار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک مال بردار جہاز بڑی مقدار میں سامان لے کر بندرگاہ پہنچا ہے، جو تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ پر کاروباری سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور بین الاقوامی جہاز رانی کمپنیوں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔وزیر بحری امور کے مطابق بندرگاہ پر جہازوں کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے اس کی اہمیت مزید اجاگر ہو رہی ہے۔ حکومت بندرگاہی نظام کو بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ اسے مزید فعال بنایا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرمایہ کاروں اور جہاز رانی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ گوادر بندرگاہ کو خطے میں تجارتی راہداری کے اہم مرکز کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے اور اسے عالمی معیار کی بندرگاہ بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔